۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ/یوم حق خود ارادیت پر قائد ملت جعفریہ پاکستان نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہندوستان ہٹ دھرمی چھوڑکر مظلوم کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دے، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کشمیر و فلسطین کا مسئلہ حل کرنے کےلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں،کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا خطے میں مستقل امن کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوگا، متفقہ قراردادوں کے باوجود کیوں اقوام متحدہ مسلسل خاموشی اور بے حسی کا مرتکب ہورہاہے، یو این او اتنا بے بس کیوں ہے کہ وہ اپنی ہی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کراسکتا؟ مقبوضہ علاقے کبھی اٹوٹ انگ نہیں ہوتے، حکومت ہندوستان ہٹ دھرمی چھوڑے اور مظلوم عوام کواستصواب رائے کا حق دے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 5 جنوری 1949ءکو کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حوالے سے منظور ہونیوالی متفقہ قرارداد اور اسی مناسبت سے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔ انہوں نے 7دہائیوں سے کشمیری عوام مسلسل حکومت ہندوستان کا ظلم، جبر اور ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنتے چلے آرہے ہیں مگر افسوس اقوام متحدہ آج تک اپنی ہی متفقہ قرارداد پر عملدرآمد کرانے میں کامیاب نہیں ہوسکا، اقوام متحدہ کا کردار طاقت ور ریاستوں کے آلہ کار سا رہ گیا ہے؟ اقوام متحدہ اتنا کمزور ہوچکا ہے کہ اپنی ہی متفقہ قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کی رولنگ نہیں دے سکتا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ گزشتہ سالوں سے ایک مرتبہ پھر جہاں سینکڑوں کشمیری نام نہا د سرچ آپریشنز کے نام پر شہید کئے جارہے ہیں جارہے ہیں وہیں پیلٹ گنزکے استعمال سے جوانوں کے ساتھ بزرگ شہریوں ، خواتین اور بچوں تک کو نشانہ بنایاگیا اور بینائی سے محروم کردیاگیا جبکہ گزشتہ سال سفا کیت کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے غاصب بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت تک ختم کردی اور اب ہندوستانی سرکار اوچھے ہتھکنڈوں سے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا چاہتی ہے اور کشمیر کے باسیوں کو ہر لحاظ سے ان کی اپنی سرزمین بے اختیارکرنے کی سازش کررہی ہے۔ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو مزید موثر انداز میں اٹھانے کےلئے جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل کے ساتھ دیگر فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھا کر بھارتی نام نہاد جمہوریت کو بے نقاب کیا ، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے قابل عمل حل کےلئے آگے بڑھا جائے اور تمام طبقات کو اعتماد میں لیتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں قابل عمل اور موثر لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ کشمیر جیسے خطوں پر جس طرح قبضہ کیاگیا یہ طے شدہ ملکی حصے نہیں بلکہ مقبوضہ علاقے ہیں جو کسی طریقے سے بھی اٹوٹ انگ نہیں ہوتے بزور بنائے جاتے ہیں جسے حریت پسند اقوام تسلیم نہیں کرتی، بھارت ہٹ دھرمی چھوڑے اور عالمی دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنا بند کرے، کشمیریوں کی طویل جہد مسلسل اور انتھک محنت کے سبب آج یہ تحریک آزادی و حریت اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے ، ہم کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ 

     

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .